راج کپورکی 100ویں سالگرہ،کرینہ نےتمام حدیں پارکردیں
راج کپور کی پوتی اور بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور بھی شامل تھیں جن کے فیشن سینس نے ایک مرتبہ پھر سب پر بجلیاں گرادی ہیں

ممبئی(شوبز ڈیسک) بالی وڈ حسینہ کرینہ کپور نے اپنے دادا و آنجہانی اداکار راج کپور کی 100ویں سالگرہ کے جشن میں بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات پر خاص لُک میں سب کو دیوانہ بنادیا۔ لیجنڈری راج کپور کی 100ویں سالگرہ کے جشن کے سلسلے میں کپور خاندان کے اراکین وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے پہنچے۔ کپور خاندان کی جانب سے دہلی کا یہ دورہ وزیراعظم کی دعوت پر 14 دسمبر کو آنجہانی راج کپور کے 100 ویں یوم پیدائش سے چند دن پہلے کیا گیا۔
ملاقات کرنے والوں میں راج کپور کی پوتی اور بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور بھی شامل تھیں جن کے فیشن سینس نے ایک مرتبہ پھر سب پر بجلیاں گرادی ہیں۔ اس موقع پر کرینہ کپور نے کپورز سے زیادہ نواب خاندان کی بہو ہونے کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرخ دیسی لُک کا انتخاب کیا اور سرخ شلوار قمیص پہنی۔ کرینہ کپور کا سرخ اے لائن کُرتے پر سلور روز فوآئلڈ پرنڈ جوڑے کی دلکشی میں اضافہ کرتا معلوم ہوا جبکہ گھیر اور آستین پر بھی یہی ڈیزائننگ دیکھنے کو ملی۔
کُرتے کے ساتھ کرینہ کپور نے سرخ میچنگ شلوار پہنی اور شیفون کے دوپٹے کے ساتھ لُک کو مزید چار چاند لگا دیے۔ کرینہ کپور کو مہارانی لُک دینے والا یہ جوڑا کلاتھنگ برانڈ ’دیوناگری‘ کا شاہکار ہے جس کی
قیمت ایک لاکھ 19 ہزار 978 بھارتی روپے ہے۔ کرینہ کے اس حسین لباس کے ساتھ کندن کے جھمکے، سنہری گھڑی اور شادی کی خاص انگوٹھی پہنی۔ کرینہ کپور کا یہ حسین ترین لُک فیشن کے متوالوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جس کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین خود کو کرینہ کی تعریف کرنے سے نہیں روک پارہے ہیں۔