پہلا ون ڈے، پاکستانی اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں کل آمنے سامنے ہونگی
پہلے ون ڈے کی تیاری کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں نے پریکٹس سیشن کیا، سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی، پاکستانی کپتان محمد رضوان اور جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما شریک ہوئے

بولینڈ پارک(سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلی جانے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے سلسلے میں پہلے میچ کے لئے کل دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد اب پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز کل سے ہونے جارہا ہے۔ جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان پہلا ون ڈے کل بولینڈ پارک میں کھیلا جائے گا۔ پیر کو پہلے ون ڈے کی تیاری کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں نے پریکٹس سیشن کیا، اسی دوران سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی، پاکستانی کپتان محمد رضوان اور جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما شریک ہوئے۔ جنوبی افریقا کی ٹیم کے کپتان ٹیمبا باووما ورک لوڈ کے سبب پہلے ون ڈے میں شرکت نہیں کریں گے، ان کی جگہ ایڈم مارکرم قیادت کریں گے۔ دونوں ملکوں کے درمیان اب تک 83 ون ڈے میچز ہوچکے ہیں جس میں جنوبی افریقا نے 52 میچوں میں فتح پائی ہے جبکہ پاکستان نے 30 مقابلے جیتے ہیں، ایک میچ فیصلہ کن ثابت نہیں ہوسکا۔