بجلی چوروں کے خلاف آرمی چیف کا اعلان جہاد ،کسی بجلی چور کو نہیں چھوڑا جائے گا
خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں متعدد عوامی فلاح کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں

راولپنڈی (کھوج نیوز )ڈ ی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاک فوج عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے۔ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں متعدد عوامی فلاح کے منصوبے شروع کیے گئے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاک فوج عوام کی فلاح کے لیے سماجی اور فلاحی کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی ہدایت پر بجلی چوروں کے خلاف بڑا آپریشن کیا جائے گا اور کسی بھی بجلی چور کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا افواج پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف ایک طویل جنگ لڑی ہے اور لڑ رہی ہے۔ پانچ سال کے مقابلے میں اس سال سب سے زیادہ دہشتگرد مارے گئے، افواج پاکستان نے دہشتگردی کے کئی منصوبوں کو کامیابی سے ناکام بنایا، افواج پاکستان نے آپریشنز میں دہشتگردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا۔
انہوں نے بتایا کہ سال 2024 میں دہشتگردوں کے کئی بڑے ناموں سمیت 925 دہشتگردوں کو واصل جہنم کیا گیا اور آپریشنز میں 73 انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو مارا گیا۔ان کا کہنا تھا 2 خود کش بمباروں کو حراست میں لیا گیا جبکہ 14 مطلوب دہشتگردوں نے ہتھیار ڈالے، 383 افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔