اب کھیل جمے گا، پی ایس ایل میں ایک اور بڑے کھلاڑی کی شمولیت کا اعلان
آسٹریلیا کے سابق اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر پاکستان سپر لیگ کے سیزن 10 کے لئے شامل ہوںگے،اس کی تصدیق پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈل کی جانب سے کی گئی

لاہور ( سپورٹس ڈیسک )آسٹریلیا کے سابق اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر پاکستان سپر لیگ کے سیزن 10 کے لیے دستیاب ہوں گے، ایونٹ کے لیے رجسٹریشن کرانے والے وہ 23ویں کھلاڑی ہیں۔ڈیوڈ وارنر کی پی ایس ایل 10 کے لیے دستیابی کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ اور لیگ کے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈل کی جانب سے کیا گیا ہے۔ پی ایس ایل 10 میں رجسٹریشن کے بعد ڈیوڈ وارنر نے اپنے ہم وطن کھلاڑیوں عثمان خواجہ، میتھیو شارٹ، شان ایبٹ اور ایلکس کیری کے علاوہ مختلف ممالک کے دیگر پلیئرز کو جوائن کرلیا ہے۔
ڈیوڈ وارنر کے علاوہ ڈیرل مچل، حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے کیوی فاسٹ بولر ٹم ساتھی اور بلے باز مارٹن گپٹل بھی پی ایس ایل 10 کے لیے اپنی رجسٹریشن کرا چکے ہیں اور تینوں نامور کرکٹرز نے ڈرافٹس میں اپنی آمد کی تصدیق کردی ہے۔ ان کے علاوہ انگلینڈ کے جارح مزاج اوپنر جیسن رائے، ڈیوڈ ملان، فاسٹ بولر ڈیوڈ ولی، سیم کرن اور ٹام کوہلر بھی ڈرافٹس میں شامل ہوگئے ہیں۔