کرم میں ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کا مقدمہ درج، دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل
ڈپٹی کمشنر پر حملے کا مقدمہ تھانا سی ٹی ڈی کرم میں درج کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ صدہ سے بگن کی جانب آتے وقت بگن کے مقام پر ڈی سی پر حملہ ہوا

کرم (کھوج نیوز) کرم میں ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کا مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ کوہاٹ میں اعلی سطح کے اجلاس میں کرم فائرنگ کے مقدمے میں نامزد دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر پر حملے کا مقدمہ تھانا سی ٹی ڈی کرم میں درج کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ صدہ سے بگن کی جانب آتے وقت بگن کے مقام پر ڈی سی پر حملہ ہوا۔ مقدمے میں پانچ معلوم سمیت 30 افراد کو نامزد کیا گیا ہے اور مقدمے میں انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ واقعے میں ڈپٹی کمشنر کرم اور 3 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے۔
دوسری جانب کوہاٹ میں چیف سیکرٹری کی زیرِ صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرم واقعے میں ملوث ملزمان کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا اور امن خراب کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیاکہ کرم فائرنگ میں نامزد دہشتگردوں کو گرفتار کیا جائے گا، سہولت کاروں کی بھی نشاندہی کرکے شامل مقدمہ کیا جائے گا اورکرم میں جاری کشیدگی میں ملوث عناصرکونہیں چھوڑا جائے گا۔



