چیمپئنزٹرافی کے لیے بھارت کا کپتان کون ہوگا؟
آسٹر یلیا کے خلاف خراب کارکردگی پر روہت شرما کی کپتانی مشکوک ہے

نئی دہلی(سپو رٹس ڈیسک ) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025کا آغاز فروری میں ہو رہا ہے ۔بھارت آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے 2025 ایڈیشن میں اپنا پہلا میچ 20 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف دبئی میں کرے گا اور پھر اسی مقام پر 23 فروری کو پاکستان اور 2 مارچ کو نیوزی لینڈ سے کھیلے گا۔
چیمپئنز ٹرافی کے لیے بی سی سی آئی 12 جنوری تک اس ٹورنامنٹ کے لیے ہندوستان کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کرے گا۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے 2025 ایڈیشن کے لیے، ہندوستان کا روہت شرما کی قیادت میں کھیلنا تقریبا یقینی ہے۔ روہت شرما بھارت کے لیے پچھلی تین ٹیسٹ سیریز میں بری طرح آؤٹ آف فارم تھے۔ممکنہ طور پر روہت شرما آئی سی سی کے پریمیئر ایونٹ میں بھی اوپننگ کریں گے۔ لیکن کچھ خبروں کے مطابق بی سی سی آئی کا روہت کی کارکردگی سے کچھ مطمئن نظر نہیں آتے ۔
اب یہ دیکھناہوگا کہ یشسوی جیسوال، جو ٹیسٹ کرکٹ میں ہندوستان کے اوپننگ بلے باز ہیں اور T20 ورلڈ کپ 2024 کے اسکواڈ کا بھی حصہ تھے، چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں جگہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں۔ 23 سالہ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے ابھی تک ہندوستان کے لیے 50 اوور کا ڈیبیو نہیں کیا ہے۔شبمن گل ممکنہ طور پر روہت کے پہلے اوپننگ پارٹنر ہوں گے، اور اگر انہیں منتخب کیا گیا تو جیسوال بیک اپ ہوسکتے ہیں۔
لیکن جسپریت بمراہ اور کلدیپ یادو کی دستیابی پر سوالیہ نشان ہیں۔بمراہ نے آسٹریلیا کے خلاف پانچویں ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں کمر کی تکلیف کی وجہ سے بولنگ نہیں کی تھی اور ان کی فٹنس کے بارے میں کوئی آفیشل اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اگر بمراہ کی چوٹ گریڈ 3 ہے، تو اس کے لیے انہیں کم از کم تین ماہ کے آرام اور rehabilitation کے پروگراموں کی ضرورت ہوگی۔