سوشل ایشوز

پیسہ پھینک تماشہ دیکھ، پاسپورٹ آفس میں اندھیر نگری چوپٹ راج، شہری ذلیل و خوار

پاسپورٹ آفس گارڈن ٹائون میں ٹائوٹ مافیا کا راج، انتظامیہ کی بدمعاشیاںعروج پر، شہریوں اور بزرگ خواتین کو دھکے مارنا اور زدوکوب کرنا معمول بن گیا،افسران کی خاموشی سوالیہ نشان

لاہور(راشد سعید سے ) پیسہ پھینک تماشہ دیکھ، پاسپورٹ آفس گارڈن ٹائون میں اندھیر نگری چوپٹ راج کا دور دورہ ہے جس کے باعث پاسپورٹ بنوانے کے لئے آنے والی شہری ذلیل و خوار ہونے پر مجبور ہیں۔

کھوج نیوز ذرائع کے مطابق گارڈن ٹائون میں پاسپورٹ آفس کی انتظامیہ فرعون بن گئی ہے ، شہریوں کو لٹنا اور ان سے بدتمیزی کرنا معمول بن گیا ، کوئی داد فریاد سننے والا نہیں، اعلیٰ افسران کمروں میں بیٹھ کر خواب خرگوش کے مزے لینے لگے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پاسپورٹ بنانے کے لئے شہری گھنٹوں انتظار کرنے کے بعد بھی خالی ہاتھ گھروں کو واپس جانے پر مجبور ہیں کیونکہ پاسپورٹ آفس گارڈن ٹائون انتظامیہ کی انوکھی وارداتیں ہیں جو شخص پیسے دے ان کو وی آئی پی پروٹوکول کا نام دے کر اندر بھیج دیا جاتا ہے جبکہ جو شہری رشوت نہ دے اس کو شام تک باہر کھڑا کرنے کے بعد آفس کا ٹائم ختم ہونے کا کہہ کر واپس گھر بھیج دیا جاتا ہے۔ پاسپورٹ بنوانے کے لئے آنے والی بزرگ خاتون نے ”کھوج نیوز” سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں پاسپورٹ بنوانے کے لئے صبح 8سے 9بجے کی آئی ہوئی ہوں لیکن مجھے اندر نہیں جانے دیا جا رہا جبکہ جو شخص رشوت دیتا ہے اس کو وی آئی پی پروٹوکول کا کہہ کر اندر بھیج دیا جاتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ گارڈن ٹائون آفس میں ٹائوٹ مافیا کا راج ہے جو شخص ٹائوٹ مافیا کو ملتا ہے وہ پورے وی آئی پی پروٹوکول سے پاسپورٹ بنواتا ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ جب انتظامیہ سے اس بات کی شکایت کی جائے تو وہ آفس میں تعینات سکیورٹی گارڈز کو کہتے ہیں کہ ان کو باہر نکالو جس کے بعد سکیورٹی گارڈز نہ صرف بزرگ خواتین کو دھکے مارتے ہیں بلکہ شکایت لگانے والے شخص کو زدو کوب بھی کرتے ہیں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button