ترک صدر کا دورہ پاکستان’ دنیا کے جدید ترین طیارے بنانے کا اعلان متوقع
سٹریٹجک تعاون کونسل کے اجلاس میں دفاع اور سکیورٹی تعاون کو بڑھانے سمیت دونوں ممالک کے درمیان تجارت، اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائیگا

اسلام آباد(کھوج نیوز)ترک صدر رجب طیب اردوان کے آئندہ ماہ دورہ پاکستان کا امکان ہے جس میں توقع کی جا رہی ہے دونوں ممالک ملک کر جدید ترین طیارے بنانے کا اعلان کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اعلی سطح کی ساتویں سٹریٹجک تعاون کونسل (ایچ ایل ایس سی سی) کا اجلاس اگلے ماہ اسلام آباد میں ہوگا، اس سلسلے میں اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ رجب طیب اردوان کا پاکستان کا دورہ 12 اور 13 فروری کو متوقع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سٹریٹجک تعاون کونسل کا بنیادی مقصد باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے جس کی سربراہی پاکستان کے وزیراعظم اور ترکیہ کے صدر مشترکہ طور پر کرتے ہیں، رجب طیب اردوان کے ہمراہ ایک اعلی سطح کا وزارتی وفد بھی اسلام آباد پہنچے گا، سٹریٹجک تعاون کونسل کے اگلے اجلاس میں دفاع اور سکیورٹی تعاون کو بڑھانے سمیت دونوں ممالک کے درمیان تجارت، اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔