ملک ریاض اور اس کے بیٹے کو گرفتار کرنے کا فیصلہ، یو اے ای سے بات چیت مکمل
ملک ریاض اور دیگر افراد کے خلاف دھوکہ دہی اورفراڈ کے کئی مقدمات زیر تفتیش ہیں ، حکومت قانونی طریقے سے ملک ریاض کی حوالگی کے لیے یو اے ای حکومت سے رابطہ کر رہی ہے

اسلام آباد(کھوج نیوز) بحریہ ٹائون کے چیئرمین اور پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض اور اس کے بیٹے کو دبئی سے گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جس کیلئے حکومت نے یو اے ای حکومت سے بھی بات چیت مکمل کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے گذشتہ دنوں پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کیخلاف پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک ریاض اور دیگر افراد کے خلاف دھوکا دہی اور فراڈ کے کئی مقدمات زیر تفتیش ہیں، حکومت قانونی طریقے سے ملک ریاض کی حوالگی کے لیے متحدہ عرب امارات کی حکومت سے رابطہ کر رہی ہے۔نیب کے پاس بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کے خلاف سرکاری اور نجی زمینوں پر قبضے کے مضبوط شواہد موجود ہیں۔ نیب کے مطابق ملک ریاض اور ان کے ساتھیوں نے بحریہ ٹاؤن کے نام پر کراچی، تخت پڑی راولپنڈی اور نیو مری میں زمینوں پر قبضے کیے، ملک ریاض نے سرکاری اور نجی اراضی پر ناجائز قبضہ کر کے بغیر اجازت نامے کے ہاؤسنگ سوسائٹیز قائم کرتے ہوئے لوگوں سے اربوں روپے کا فراڈ کیا ہے۔