وزیر اعلی پنجاب کا عوام کی سہولت کے لیے ایک اور پراجیکٹ کاآغاز
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے لاہور میں الیکٹرک بس سروس کا آغاز کر دیا ہے ،اس سروس میں ابتدائی طور پر 27بسیں چلائی جائیں گی

لاہور(کھوج نیوز)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے لاہور میں الیکٹرک وہیکل بس سروس پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کر دیا ہے ۔ وزیراعلی مریم نواز نے الیکٹرک بس میں سواری بھی کی اور اس کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس مو قع پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے ای وی بس کے بارے میں وزیر اعلی کو تفصیلی بریفننگ بھی دی۔
بریفنگ میں بتا یا گیا کہ الیکٹرک بس میں جی پی ایس لوکیشن ریکارڈر،وائی فائی، یو پی ایس پورٹ اور دیگر سہولیات موجود ہیں۔اس کے علاوہ الیکٹرک بس میں 30نشستیں ہیںاور اس میں80مسافروں کی گنجائش ہو گی۔ سپیشل افراد کے لیے الیکٹرک بس میں ریمپ اور نشستیں مخصوص ہو ں گی۔بریفنگ میں بتا یا گیا کہ بس میں مسافروں کی سہولت کے لئے روٹ ڈسپلے بھی نظر آئے گا۔الیکٹرک بس میں خواتین کے لئے الگ فی میل سیکشن ہو گا۔
بریفنگ میں بتا یا گیا کہ لاہورکے سب سے بڑے طویل ترین 21کلو میٹر روٹ پر 27الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ان روٹ میں ریلوے سٹیشن تا گرین ٹاؤن براستہ کوئینز روڈ، مزنگ، فیروز پور روڈ،کیمپس پل اور اچھر ہ نہرسے ای بس سروس کا آغاز کیا جائے گا۔اس بس سروس میں 17ہزار مسافر روزانہ سفر کر سکیں گے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریلوے سٹیشن تا گرین ٹاؤن روٹ ای وی بس سروس کا باقاعدہ آغاز فروری کے وسط میں ہوگا۔

