پاکستان

گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں کے لیے بری خبر ،لاہور ہائی کورٹ کا بڑا حکم آگیا

لاہور ہائیکورٹ نے گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں پر دس ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا حکم دے دیا

لاہور (کھوج نیوز )لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر درخواستوں پر اسموگ کے تدارک سے متعلق سماعت کی، ممبر جوڈیشل کمیشن حنا جیلانی نے زیر زمین پانی کی سطح میں کمی پر عدالت میں رپورٹ پیش کی۔

عدالت نے پانی کے تحفظ کے لیے باقاعدہ قواعد بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر گھروں میں گاڑیاں دھونے کا عمل روکا جائے تو بڑی مقدار میں پانی بچایا جا سکتا ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے ہدایت دی کہ گھروں میں گاڑیاں دھونا سختی سے منع قرار دیا جائے اور اس حوالے سے پورے شہر میں بینرز اور پوسٹرز لگائے جائیں۔عدالت نے گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں پر دس ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا حکم دیا اور ڈولفن فورس کو اس کی نگرانی کی ذمہ داری سونپنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے کہا کہ پانی کا مسئلہ صرف لاہور تک محدود نہیں بلکہ پورے پنجاب کا ہے اور حکومت اس پر توجہ دے رہی ہے جو خوش آئند ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ واٹر اتھارٹی کے قیام کی تجویز پر کیا پیشرفت ہوئی؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ اس حوالے سے میٹنگ بلائی جا رہی ہے۔ عدالت نے ہدایت دی کہ چیف سیکرٹری پنجاب کے ساتھ مزید میٹنگز کی جائیں اور سمری تیار کرائی جائے۔

عدالت نے مسجدوں میں پانی کے بے جا ضیاع پر بھی نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ وہاں واٹر ٹیب بند ہونی چاہیے اور وضو کے لیے واٹر ٹینک کا استعمال ہونا چاہیے۔
عدالت نے حکم دیا کہ جن پٹرول پمپس پر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ نہیں ہیں، انہیں سیل کر دیا جائے۔ پہلے وارننگ دی جائے، اس کے بعد ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے۔ عدالت نے متعلقہ اداروں کو اپنے قوانین میں ترمیم کرکے جرمانے کی رقم بڑھانے کی بھی ہدایت دی۔

عدالت نے سموگ کیس کی مزید سماعت دس فروری تک ملتوی کر دی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button