چیمپئنز ٹرافی2025، بھارتی کرکٹ ٹیم دبئی پہنچ گئی، ٹیم کا شاندار استقبال
کپتان روہت شرما، سابق کپتان ویرات کوہلی، آل رانڈرز ہاردک پانڈیا اور رویندرا جدیجا، جب کہ وکٹ کیپرز رشبھ پنت اور کے ایل راہول نمایاں ہیں

دبئی (سپورٹس ڈیسک) چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے سلسلے میں بھارت کی کرکٹ ٹیم دبئی پہنچ گئی ہے جبکہ ایئرپورٹ پر بھارت کی ٹیم کا شاندار استقبال کیا گیا اور کافی بڑی تعداد استقبال کیلئے پہنچی تھی۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق بھارتی ٹیم ممبئی سے دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچی ہے، دبئی ائیرپورٹ پر شائقین کرکٹ کی کافی بڑی تعداد نے ٹیم کا استقبال کیا، ائیرپورٹ اسٹاف میں شامل شائقین کرکٹ بھی کرکٹ اسٹارز کو دیکھنے امڈ آئے۔ اس بار بھارتی کرکٹ ٹیم بغیر ذاتی عملے کے دبئی پہنچی ہے، کیونکہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں کھلاڑیوں کے ذاتی شیف اور ہیئر ڈریسرز ساتھ لے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے، اس فیصلے کے تحت بھارتی کھلاڑیوں کو ایونٹ کے دوران دستیاب سہولیات پر انحصار کرنا ہوگا تاہم ائیرپورٹ پر شائقین کرکٹ نے کرکٹرز کے ذاتی عملے کی غیر موجودگی کو ضرور محسوس کیا جو ماضی میں کرکٹ اسٹارز کے ارد گرد ہٹو بچو کی صدائیں بلند کرتے ہوئے نظر آتے رہے ہیں ۔
بھارتی ٹیم میں کئی بڑے اسٹارز شامل ہیں، جن میں کپتان روہت شرما، سابق کپتان ویرات کوہلی، آل رانڈرز ہاردک پانڈیا اور رویندرا جدیجا، جب کہ وکٹ کیپرز رشبھ پنت اور کے ایل راہول نمایاں ہیں۔ دیگر اہم کھلاڑیوں میں کلدیپ یادو، ورون چکرورتی، شریاس آئیر اور فاسٹ بولرز ارشدیپ سنگھ اور ہرشیت رانا شامل ہیں۔ بھارتی ٹیم اتوار کو آئی سی سی اکیڈمی میں دوپہر کو پریکٹس کریگی اورکچھ پلیئرز ہوٹل میں فزیکل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گے۔ بھارت کا پہلا میچ 20 فروری کو بنگلا دیش کے خلاف دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ یہ مقام اس وقت منتخب کیا گیا جب بھارتی بورڈ نے پاکستان کا سفر کرنے سے انکار کر دیا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ایک ایسا ٹورنامنٹ ہونے جا رہا ہے جہاں نہ صرف کرکٹ کے روایتی حریف ہیڈ لائنز میں نظر آئیں گے بلکہ کھلاڑیوں کے اسٹائل اور بکھرے ہیئر اسٹائل بھی خبروں میں جگہ بناسکتے ہیں کیونکہ بھارتی بورڈ نے اسٹار کے کچھ پر ضرور کتر دیے ہیں۔