بھارت سے قبل میچ پر پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف نے بڑا بیان دے دیا
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رف کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں کوئی دباؤ نہیں

دبئی(سپورٹس ڈیسک)دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ پاک بھارت میچ کو بھی ایک کرکٹ میچ کی طرح ہی کھیلیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں 2 میچ میں شکست دے چکے ہیں، اس بار بھی بھارت کو شکست دینے کی کوشش کریں گے اور دبئی کی کنڈیشن کو دیکھ کر میچ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ گزرگیا اب بھارت کے خلاف میچ پر فوکس ہے، جو غلطیاں کی تھیں وہ نہ دہرائیں تاکہ ٹورنامنٹ میں آگے جائیں اور سیمی فائنل میں کوالیفائی کرسکیں۔حارث رؤف نے مسکراہٹ کے ساتھ کہا کہ سارے پلیئرز 100 فیصد پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں مکمل فٹ ہوں، نیوزی لینڈ سے میچ میں 10س اوورز مکمل کیے، انجری تو کسی بھی لمحے ہوسکتی ہے، کوئی چلتے ہوئے گر کر بھی زخمی ہوسکتا ہے، کچھ چیزیں انسان کی اختیار میں نہیں ہوتیں اس لیے ان کے بارے میں سوچنا بھی نہیں چاہیے۔