کھیل

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، جنوبی افریقا کی انگلینڈ کو شکست دیکر سیمی فائنل میں رسائی

انگلینڈ کے 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے 30 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کیا اور 7 وکٹوں سے میچ جیت لیا

کراچی (سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں کھیلے جانے والے 11ویں میچ میں جنوبی افریقا نے انگلینڈ کو عبرتناک شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ کے 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے 30 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کیا اور 7 وکٹوں سے ہرایا۔ کراچی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ انگلش ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور وکٹیں مسلسل گرتی رہیں تاہم روٹ، آرچر اور بین ڈکٹ نے مزاحمت کی۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم 179 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ روٹ 37، آرچر 25 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جانسین اور ملڈر نے 3، 3 اور مہاراج نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلی وکٹ ایک رن پر گری، اس کے بعد رکلٹن بھی 47 کے مجموعی اسکور پر بولڈ ہوگئے۔ تیسری وکٹ پر وین ڈر ڈوسین اور ہینرچ کلاسن نے شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو اہم میچ میں کامیابی دلائی۔ جنوبی افریقا نے ہدف باآسانی 30 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور 7 وکٹوں سے انگلش ٹیم کو شکست دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی جنوبی افریقا نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا اور گروپ بی میں پوزیشن ٹیبل پر پہلے نمبر آگئی۔ وین ڈر ڈوسین 72 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، کلاسن نے 64 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انگلینڈ کے جوفرا آرچر نے 2 اور عادل رشید نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارت، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور آسٹریلیا سیمی فائنل میں پہنچ گئے، سیمی فائنل میں کون کس سے ٹکرائے گا، فیصلہ کل بھارت اور نیوزی لینڈ کے میچ کے بعد ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button