سوشل ایشوز
مرغی کے گوشت کی قیمت میں حیران کن اضافہ ،عوام پریشان
لاہور میں مرغی کے گوشت کی قیمت سرکاری نرخ کے مطابق 595روپے فی کلو ہے مگر مارکیٹ میں مرغی 700 سے 725 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے

لاہور(کھوج نیوز)شہر میں مرغی کے گوشت کی قیمتیں بے قابو ہو گئیں، سرکاری نرخ 595 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں مرغی 700 سے 725 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
دوکانداروں کا کہنا ہے کہ فارمرز سرکاری نرخوں پر مرغی فراہم نہیں کر رہے جس کے باعث وہ سستا گوشت فروخت کرنے سے قاصر ہیں۔
شہریوں نے مرغی کے گوشت میں 100 روپے سے زائد اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت سرکاری ریٹس پر مرغی کی فروخت یقینی بنائے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے اس صورتحال پر سخت نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس مجسٹریٹس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انھوں نے خبردار کیا کہ زائد قیمت پر مرغی اور دیگر اشیا فروخت کرنے والوں کو بھاری جرمانے کیے جائیں گے اور ان کے خلاف مقدمات بھی درج ہوں گے۔