قومی سلامتی اجلاس: نواز شریف کی عدم شرکت نے سوالات اٹھا دیے
نواز شریف کی عدم موجودگی نے سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیوں کو جنم دے دیا ہے

اسلام آباد(کھوج نیوز) قومی سلامتی کے اہم اجلاس میں مسلم لیگ (ن)کے قائد اور رکن قومی اسمبلی میاں نوا شریف کو بھی مدعو کیا گیا، تاہم وہ اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ نواز شریف کی عدم موجودگی نے سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیوں کو جنم دے دیا ہے۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ نواز شریف تین مرتبہ ملک کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں، ان کے بھائی شہباز شریف اس وقت وزارتِ عظمی کے منصب پر فائز ہیں، اور وہ خود قومی اسمبلی کے رکن بھی ہیں۔ اس کے باوجود ان کی قومی سلامتی جیسے اہم اجلاس میں غیر حاضری پر کئی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی عدم شرکت حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے تعلقات کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیوں کو ہوا دے رہی ہے۔ کچھ مبصرین کے مطابق ان کی عدم موجودگی پارٹی پالیسی یا دیگر داخلی معاملات کی جانب بھی اشارہ کر سکتی ہے۔سرکاری سطح پر تاحال نواز شریف کی غیر حاضری کی کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی، تاہم ان کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ مصروفیات کی بنا پر وہ اجلاس میں شرکت نہ کر سکے۔
سیاسی ماہرین کے مطابق ایسے حساس اجلاس میں اہم رہنماں کی شرکت قومی اتفاقِ رائے کے لیے ضروری سمجھی جاتی ہے، اور نواز شریف جیسے سینئر سیاستدان کی غیر حاضری مستقبل کے سیاسی منظرنامے پر اثرڈال سکتے ہیں ۔