لارنس بشنوئی سے ملنے والی دھمکیوں پر سلمان خان نے اپنا رد عمل دے دیا
بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے لارنس بشنوئی کی جانب سے ملنے والی جان سے مارنے کی دھمکیوں پر اپنا ردعمل دے دیا

ممبئی(شوبز ڈیسک ) بالی وڈ اداکار سلمان خان نے مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیوں پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زندگی خدا کے ہاتھ میں ہے۔عید پر ریلیز ہونے والی فلم سکندر کے پروموشنل پروگرام کے دوران بھائی جان سے دھمکیوں کے بارے میں ردعمل پوچھا گیا جس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اللہ، سب ان پر ہے، جیتنی عمر لکھی ہے، اتنی لکھی ہے، بس یہ ہے۔
59 سالہ اداکار نے دھمکیوں اور ممبئی کے اپنے اپارٹمنٹ کے قریب شوٹنگ کے بعد انہیں فراہم کیے گئے سخت حفاظتی اقدامات سے پیدا ہونے والے چیلنجز کو تسلیم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات، بہت سارے لوگوں کے ساتھ گھومنا پھرنا ایک مسئلہ بن جاتا ہے۔
گزشتہ برس اپریل میں، بائیک پر سوار دو افراد نے باندرہ کے گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر، جو سلمان خان کی رہائش گاہ ہے متعدد گولیاں چلائیں۔ بعد ازاں تحقیقات سے پتہ چلا کہ اس حملے کا مقصد اداکار کو ڈرانا تھا اور یہ حملہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کی ہدایت پر کیا گیا تھا۔
لارنس بشنوئی جو گجرات کی جیل میں قید ہے، سلمان خان سے 1998 کے کالے ہرن کے قتل کیس پر برہم ہے، جس میں وہ ملزم تھے۔ بشنوئی برادری کالے ہرن کو مقدس مانتی ہے اور اس کا شکار کرنے کی وجہ سے اداکار کو کئی سالوں سے مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں۔