کیا روس کے صدر پیوٹن جلد مر جائیں گے؟زیلنسکی کا بڑا دعوی
یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روسی صدر پیوٹن کی صحت خراب ہورہی ہے اور وہ جلد وفات پاجائیں گے

یوکرین(مانیٹرنگ ڈیسک)غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرینی صدر زیلنسکی نے ایک انٹرویو میں دعوی کیا کہ روسی صدر پیوٹن کی صحت خراب ہورہی ہے اور وہ جلد وفات پاجائیں گے۔یوکرینی صدر نے کہا کہ پیوٹن جلد مر جائیں گے، یہ ایک حقیقت ہے اور یہ سب کچھ ختم ہو جائے گا، پیوٹن اپنی موت تک اقتدار میں رہنا چاہتے ہیں اور مغرب کے ساتھ براہ راست تصادم کے خواہاں ہیں۔
یوکرینی صدر نے اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ وہ کیوں سمجھتے ہیں کہ 72 سالہ روسی صدر اپنی زندگی کے اختتام کے قریب ہیں۔
اگرچہ گزشتہ کئی برسوں سے پیوٹن کی صحت کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں، خاص طور پر جب سے روس نے یوکرین پر حملہ کیا۔ تاہم، کریملن نے ان افواہوں کی کئی بار تردید کی ہے۔یہ بھی افواہیں پھیل چکی ہیں کہ پیوٹن کو فالج یا اعصابی بیماری پارکنسن لاحق ہوسکتی ہے۔
اس سے قبل 2022 میں روسی انٹیلی جنس افسر نے دعوی کیا تھا کہ صدر پیوٹن صرف 3 سال مزید زندہ رہیں گے کیونکہ ان میں تشخیص کیا گیا کینسر تیزی سے بڑھ رہا ہے، پیوٹن دن بہ دن اپنی بینائی کھو ر ہے ہیں۔