تجارتی جنگ، چین کا امریکا کو کرارا جواب
امریکی صدر ٹرمپ نے چینی مصنوعات کی درآمد پر 54 فیصد ٹیرف عائد کیا تھا جس کے جواب میں چین نے امریکی مصنوعات کی درآمد پر 34 فیصد ٹیرف کا اعلان کیا ہے

چین (مانیٹرنگ ڈیسک) چین اور امریکا کے درمیان چلنے والی تجارتی جنگ میں شدت آگئی ہے کیونکہ امریکا کی جانب سے عائد کیے گئے تجارتی ٹیرف کے جواب میں چین کا کرارا جواب آگیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے چینی مصنوعات کی درآمد پر 54 فیصد ٹیرف عائد کیا تھا جس کے جواب میں چین نے امریکی مصنوعات کی درآمد پر 34 فیصد ٹیرف کا اعلان کیا ہے تاہم چین کی جانب سے صرف امریکی مصنوعات پر ٹیرف ہی عائد نہیں کیا گیا بلکہ چینی وزارت تجارت نے 11 امریکی کمپنیوں کو غیر معتبر اداروں کی فہرست میں بھی شامل کر دیا ہے جس سے وہ چین میں کاروبار نہیں کر سکیں گی۔ اس کے علاوہ چین نے امریکی ٹیرف کے خلاف ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) میں مقدمہ میں بھی دائر کردیا ہے۔ چین نے 7 معدنیات کی برآمدات پر بھی سخت پابندیاں عائد کر دیں ہیں، ان معدنیات میں گیڈولینیم اور یٹریئم بھی شامل ہیں جو طبی آلات اور الیکٹرانکس کی تیاری میں اہم ہوتے ہیں۔