چیٹ جی پی ٹی پر واٹرمارک ،مصنوعی ذہانت میں ایک اور پیش رفت
اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی سے تیار ہونے والے مواد پر واٹر مارک لگانے کا فیصلہ کیا ہے

لاہور(ٹیکنالوجی ڈیسک) مصنوعی ذہانت کی دنیا میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی سے تیار ہونے والے مواد پر واٹر مارک لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد جعلی اور گمراہ کن معلومات کی شناخت کو آسان بنانا اور ڈیجیٹل دنیا میں سچائی اور شفافیت کو فروغ دینا ہے۔
اوپن اے آئی کے مطابق، واٹر مارکنگ ایک ایسا خودکار عمل ہوگا جس کے ذریعے کسی بھی تحریر، تصویر یا ویڈیو کی اصل شناخت ممکن ہو جائے گی۔ یہ خاص طور پر انٹرنیٹ پر پھیلنے والی افواہوں، جھوٹے بیانیوں اور جعلی خبروں کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔واٹر مارکنگ نہ صرف صحافت اور اکیڈمک شعبوں کے لیے ایک انقلابی سہولت بن سکتی ہے، بلکہ عام صارفین کو بھی یہ جاننے میں مدد دے گی کہ کون سا مواد حقیقی ہے اور کون سا مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ۔
یہ ٹیکنالوجی صارف کی پرائیویسی کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کروائی جا رہی ہے، اور اس کا مقصد صرف مواد کی اصلیت جانچنا ہے نہ کہ کسی کی ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کرنا۔
اوپن اے آئی کا یہ قدم مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال کی ایک روشن مثال ہے، جو مستقبل میں ڈیجیٹل دنیا کو مزید محفوظ، شفاف اور قابلِ اعتبار بنانے میں اہم کرداراداکریگا۔