شوبز

بالی وڈکنگ شاہ رخ خان کا ریسٹورنٹ تنقید کی زد میں ،مگر کیوں؟

جعلی پنیر کی خبر سامنے آنے کے بعد یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز نے مختلف ہوٹلوں، کیفے اور مشہور برانڈز کا پردہ فاش کرنا شروع کر دیا

ممبئی(شوبز ڈیسک) میڈیا تفصیلات کے مطابق بھارت میں ان دنوں نقلی پنیر کا بڑا اسکینڈل منظر عام پر آیا ہے۔ مارکیٹوں میں ایسا پنیر فروخت ہو رہا ہے جو نشاستہ، مصنوعی دودھ اور مضر صحت کیمیکلز سے تیار کیا جا رہا ہے۔ اس جعلی پنیر کے استعمال سے لوگوں کو فوڈ پوائزننگ، بدہضمی اور دیگر معدے کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔جعلی پنیر کی خبر سامنے آنے کے بعد یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز نے مختلف ہوٹلوں، کیفے اور مشہور برانڈز کا پردہ فاش کرنا شروع کر دیا۔ ایک سادہ سا آئیوڈین ٹیسٹ گھر میں کیا جا رہا ہے، جس سے نشاستہ کی موجودگی کی تصدیق ہو رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق معروف یوٹیوبر موہک منگل نے دعوی کیا تھا کہ میکڈونلڈزاوربرگر کنگ جیسی بڑی فاسٹ فوڈ چینز جعلی پنیر استعمال کر رہی ہیں۔ اس کے بعد یوٹیوبر سارتھک سچدیوانے ممبئی کے مشہور سیلیبریٹی ریسٹورنٹس کا رخ کیا تاکہ حقیقت معلوم کی جا سکے۔

سارتھک نے سب سے پہلے ویرات کوہلی کے One8 Commune، پھر شِلپا شیٹھی کے Bastian، اور بوبی دیول کے Someplace Else کا دورہ کیا۔ ہر جگہ وہ اپنے ساتھ آئیو ڈین ٹِنکچر لے کر گئے، اور وہاں پیش کیے گئے پنیر پر تجربہ کیا۔ ان تمام مقامات پر پنیر کا رنگ سیاہ نہیں ہوا، جس کا مطلب تھا کہ پنیر خالص تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق معاملہ اس وقت دلچسپ رخ اختیار کر گیا جب و ہ شاہ رخ خان اور گوری خان کے ریسٹورنٹ Torii پہنچے۔ وہاں انہوں نے چائنیز پنیر ڈِش آرڈر کی۔ پنیر کی تلی ہوئی تہہ کو ہٹا کر اسے پانی میں دھویا اور آئیوڈین کے قطرے ڈالے حیرت انگیز طور پر پنیر کا رنگ سیاہ ہو گیا، جو نشاستے کی موجودگی ظاہر کرتا ہے۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، اور لوگوں نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آخر اتنے مہنگے ریسٹورنٹ میں بھی خالص کھانا نہیں ملتا تو پھر بھروسہ کس پر کیا جائے؟

ویڈیو میں سارتھک کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان کے ریسٹورانٹ میں پنیر نقلی تھا، یہ دیکھ کر میرے ہوش اڑ گئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متنازع ویڈیو کے بعد Torii ریسٹورنٹ کی انتظامیہ نے فوری وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا:
آئیوڈین ٹیسٹ صرف نشاستہ کی موجودگی کو ظاہر کرتا ہے، نہ کہ پنیر کی اصلیت کو۔ چونکہ ہماری ڈشز میں سویابین سے بنی ہوئی اشیا شامل ہوتی ہیں، اس لیے یہ ردعمل فطری ہے۔ ہم اپنے پنیر کی خالصیت اور اجزا کی شفافیت پر قائم ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button