خیبرپختونخوا کے عازمین حج کو مشکلات کا سامنا
خیبر پختونخوا کے عازمین حج شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ وفاقی سطح پر کسی کو کوئی پرواہ نہیں:وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور

پشاور(کھوج نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور عدنان قادری نے وفاقی حج انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے عازمین حج شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ وفاقی سطح پر کسی کو کوئی پرواہ نہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حج انتظامیہ کی نااہلی کے باعث خیبرپختونخوا کے عازمین کو پہلے کورونا ویکسینیشن کے لیے حاجی کیمپ پشاور بلایا جاتا ہے، پھر پاسپورٹ، ٹکٹس اور دیگر تصدیقات کے لیے اسلام آباد کے چکر لگوائے جاتے ہیں، اور آخر میں دوبارہ پشاور بلایا جاتا ہے۔عدنان قادری نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عازمین کا کوئی پرسان حال نہیں، جبکہ وفاقی سیکرٹری مذہبی امور سے کئی بار رابطہ کرنے کے باوجود کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
انھوںنے کہا کہ وفاقی سیکرٹری مذہبی امور کبوتر کی طرح آنکھیں بند کرکے ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔ اگر پاکستان میں خدمات کا یہ حال ہے تو سعودی عرب میں عازمین کے ساتھ کیا سلوک ہوگا، اس کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید انکشاف کیا کہ وفاقی حج انتظامیہ کی غفلت کے باعث پہلے ہی 67 ہزار افراد حج کی سعادت سے محروم ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خیبرپختونخوا کے لیے ون ونڈو آپریشن کے تحت خدمات فوری فراہم کی جائیں تاکہ عازمین حج کی مشکلات کم کی جا سکیں۔