لاہور میں گداگر مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، ہزاروں سے زائد گرفتار، مقدمات درج
لاہور پولیس نے شہر میں بڑھتے ہوئے پیشہ ورانہ بھیک مانگنے کے رجحان کو روکنے کے لیے گداگر مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع

لاہور(کھوج نیوز) ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس نے شہر میں بڑھتے ہوئے پیشہ ورانہ بھیک مانگنے کے رجحان کو روکنے کے لیے گداگر مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے، جس کے تحت رواں سال اب تک 2101 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ 2076 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں 1989 مرد، 100 خواتین اور 12 سہولت کار شامل ہیں۔ پولیس کا ماننا ہے کہ یہ افراد نہ صرف سادہ لوح شہریوں سے رقم بٹورتے ہیں بلکہ جرائم میں ملوث ہونے کے خدشات بھی موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مختلف ڈویژنز میں کارروائیاں اس طرح کی گئیں:
سٹی ڈویژن میں 500
کینٹ میں 452
سول لائنز میں 263
صدر ڈویژن میں 240
اقبال ٹاؤن میں 225
ماڈل ٹان میں 421 گداگر گرفتار کیے گئے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے واضح پیغام دیا ہے کہ بچوں اور خواتین کو بھیک منگوانے والے پیشہ ور بھکاری کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ان عناصر کے خلاف کارروائی میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر تیزی لائی جا رہی ہے۔سی سی پی او نے ٹریفک پولیس کو بھی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اہم شاہراؤں اور سگنلز پر بھکاریوں کے خلاف سخت اقدامات کریں تاکہ عوامی مقامات کو ان مافیا سے پاک کیا جا سکے۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ بھکاریوں کے روپ میں چھپے جرائم پیشہ افراد کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا اور شہر کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔



