گھروں کی تعمیرات کے نئے اصول متعارف، ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا بڑا فیصلہ
لاہور اتھارٹی (ایل ڈی اے)نے تعمیراتی قوانین میں بڑی تبدیلیاں کر دی ہیں تاکہ رہائشی علاقوں کو کمرشل استعمال سے بچایا جا سکے

لاہور(کھوج نیوز)لاہور اتھارٹی (ایل ڈی اے)نے تعمیراتی قوانین میں بڑی تبدیلیاں کر دی ہیں تاکہ رہائشی علاقوں کو کمرشل استعمال سے بچایا جا سکے۔ ایل ڈی اے نے اعلان کیا ہے کہ اب 10 مرلہ اور 1 کنال کے پلاٹوں پر اپارٹمنٹ کے نقشے منظور نہیں کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ کمرشل نقشے اب کئی مراحل کے بجائے صرف ایک مرحلے میں منظور ہوں گے، جس سے وقت کی بچت اور شفافیت بڑھے گی۔
نئے قوانین کے مطابق 10 مرلہ سے بڑے گھروں میں پانی بچانے کے لیے گرے واٹر ٹینک لگانا لازمی ہو گا۔ مزید یہ کہ 10 مرلہ، 1 کنال اور 2 کنال کے گھروں کے لیے سیٹ بیک(سامنے جگہ چھوڑنے کا قانون)کو پانچ سال بعد دوبارہ لاگو کر دیا گیا ہے۔
اہم تبدیلیوں میں سے ایک یہ ہے کہ اب رہائشی عمارتوں میں ستون (پِلر)پر مبنی تعمیرات مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیں۔ پہلے یہ ہوتا تھا کہ ستونوں والی عمارتیں رہائشی دکھا کر بعد میں کمرشل میں بدل دی جاتی تھیں، جس میں بعض اہلکاروں کے ملوث ہونے کی اطلاعات بھی تھیں۔ ایل ڈی اے نے اب سخت پلاننگ نظام متعارف کرایا ہے تاکہ نقشے صرف منظور شدہ اصولوں کے مطابق ہی بنیں اور ان کا غلط استعمال نہ ہو۔
یہ اقدامات لاہور میں بڑھتی ہوئی آبادی اور بے ترتیب کمرشل تعمیرات کو روکنے کے لیے کیے گئے ہیں۔ نئے قوانین کا تعمیراتی شعبے پر بڑا اثر پڑے گا اور اب بلڈرز و مالکان کو نئے اصولوں کے مطابق کام کرنا ہو گا۔