پاکستان ایوی ایشن نے لاہور اور کراچی کی فضائی حدود بند کر دی
ایوی ایشن حکام نے کراچی اور لاہور میں فضائی حدود کے مخصوص حصوں کو ایک ماہ کے لیے بند کر دیا ہے

کراچی(کھوج نیوز)پاکستان کے ایوی ایشن حکام نے کراچی اور لاہور کے فلائٹ انفارمیشن ریجنز(ایف آئی آرز) میں فضائی حدود کے مخصوص حصوں کو ایک ماہ کے لیے عارضی طور پر بند کردی ہے ۔ فضائی حدود کی بندش سے متعلق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) نے ایک تازہ نوٹم بھی جاری کردیا ہے ۔جس کے مطابق دونوں شہروں میں فضائی حدود کے مخصوص حصے یکم مئی سے 31 مئی 2025 تک روزانہ صبح 4:00 بجے سے صبح 8:00 بجے تک بند رہیں گے۔
ایوی ایشن ذرائع نے تصدیق کی کہ یہ فیصلہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کیا گیا ہے تاہم، کمرشل فلائٹ آپریشن متبادل راستوں سے جاری رہے گا، اور ایئر ٹریفک کنٹرولرز اس کے مطابق ہوائی جہاز کی رہنمائی کریں گے تاکہ ہموار آپریشن کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکام نے اس بات پر زور دیا کہ پروازوں کا شیڈول بڑے پیمانے پر غیر متاثر رہے گا، اور جزوی پابندیوں کے باوجود پروازیں معمول کے مطابق چلنے کی توقع ہے۔اس سے قبل، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز(پی آئی اے) نے اسلام آباد، گلگت اور اسکردو کے درمیان چھ راؤنڈ ٹرپ پروازیں منسوخ کر دی تھیں۔