امریکہ کا بھارت سے دفاعی معاہدہ، خطے میں نئی کشیدگی کا خدشہ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی محکمہ خارجہ نے بھارت کو 13 کروڑ 10 لاکھ ڈالر مالیت کا دفاعی سامان فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس معاہدے میں سمندری نگرانی کے جدید سافٹ ویئر، تربیت، تکنیکی مدد اور لاجسٹک سہولیات شامل ہیں۔ ڈیفنس سیکیورٹی کوآپریشن ایجنسی (DSCA) کے مطابق یہ معاہدہ بھارت کی سمندری سیکیورٹی اور حکمت عملی کو بہتر بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
معاہدے کا مرکزی کنٹریکٹر ورجینیا میں واقع امریکی کمپنی Hawkeye 360 ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق اس معاہدے سے نہ تو خطے کا فوجی توازن بدلے گا اور نہ ہی کسی امریکی فوجی کو بھارت بھیجا جائے گا۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی بڑھی ہے، خاص طور پر پہلگام حملے کے بعد جس میں 26 افراد جان سے گئے۔
بھارت نے حملے کا الزام پاکستان پر لگایا جبکہ پاکستان نے اس کی سختی سے تردید کی ہے۔