ایف بی آر کی بڑی کارروائی ،معروف کلاتھ برانڈکو سیل کر دیا
ایف بی آر نے مغربی طرز کے مشہور لباس برانڈ Sowears کے دفاتر اور دکانوں کو سیل کر دیا ہے

کراچی(کھوج نیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے مغربی طرز کے مشہور لباس برانڈ Sowears کے دفاتر اور دکانوں کو سیل کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کمپنی کے خلاف 10 کروڑ روپے سے زائد کی ٹیکس چوری کا کیس ہے ۔
ریجنل ٹیکس آفس(آر ٹی او) II کے چیف کمشنر کے مطابق کمپنی کے مالیاتی ریکارڈ کی تفصیلی جانچ کے دوران واضح ٹیکس چوری کے شواہد ملے ہیں۔جس کے بعد ایف بی آر نے کراچی میں واقع Sowears کی پانچ بڑی دکانیں بند کر دیں، جن میں لکی ون مال، ڈولمن مال، اوشن مال، حیدری مارکیٹ اورصائمہ مال کی برانچز شامل ہیں۔
ایف بی آر حکام نے بتایا کہ کمپنی 2018 سے اپنے سیلز سسٹم کو ایف بی آر کے مرکزی نظام سے منسلک کیے بغیر کام کر رہی تھی، جس سے آمدنی چھپانے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ کمپنی مبینہ طور پر متحدہ عرب امارات اور امریکہ میں بغیر ظاہر کیے کاروباری سرگرمیاں چلا رہی تھی۔ یہ لین دین کورئیر سروسز کے ذریعے کیے جا رہے تھے اور پاکستان میں ان کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ ایف بی آر کو شبہ ہے کہ ان عالمی معاملات میں غیر قانونی بینک اکاؤنٹس اور جعلی کمپنیوں کے ذریعے منی لانڈرنگ کے امکانات بھی ہیں۔