وزیراعظم سے یو اے ای سفیر کی ملاقات، کیا معاملات طے پائے؟ خبر سامنے آگئی
پاکستان ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے: وزیراعظم شہباز شریف، متحدہ عرب امارات علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا: سفیر

اسلام آباد(کھوج نیوز) وزیراعظم میاں شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر نے ملاقات کی ہے اس ملاقات میں کیا معاملات طے پائے؟ خبر سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم میاں شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات ہوئی جس میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان موجودہ بحران پر اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے دوسرے دوست ممالک سے رابطہ کر رہا ہے، یواے ای سمیت برادر ممالک خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے بھارت کو مائل کریں جبکہ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی اقدامات اور جارحانہ انداز کا مقصد پاکستان کی توجہ دہشتگردی کے خلاف کوششوں سے ہٹانا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، پاکستان خود دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے، پاکستان اپنے مغربی محاذ سے پیدا ہونے والے دہشت گردی کے عفریت سے نمٹ رہا ہے۔



