پنجاب حکومت کا انقلابی کسان پیکج متعارف
پنجاب حکومت نے کسان دوست پالیسی کے تحت گندم کاشتکاروں کے لیے بڑا ریلیف پیکج متعارف کرا دیا ہے

لاہور(کھوج نیوز)پنجاب حکومت نے کسان دوست پالیسی کے تحت گندم کاشتکاروں کے لیے بڑا ریلیف پیکج متعارف کرا دیا ہے۔ سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹیز مینجمنٹ محمد اجمل بھٹی نے بتایا کہ صوبے بھر میں گندم کی اوپن مارکیٹ پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے، اور کسانوں کو ای ڈبلیو آر(الیکٹرانک ویئر ہاس رِسیٹ)سسٹم کے ذریعے فوری مالی فوائد پہنچائے جا رہے ہیں۔
ای ڈبلیو آر سسٹم کے تحت گندم ذخیرہ کرنے والے کاشتکاروں کو ان کی جمع شدہ فصل کے 70 فیصد تک رقم نجی بینکوں کے ذریعے فوری ادا کی جائے گی، جبکہ اس سسٹم کے تحت گوداموں میں 4 ماہ تک سٹوریج کا کرایہ اور مارک اپ حکومت پنجاب خود ادا کرے گی۔
سیکرٹری اجمل بھٹی نے بتایا کہ پہلے آئیے، پہلے پائیے پیکج کے تحت کسانوں کو براہ راست حکومتی ریلیف دیا جا رہا ہے۔ اس اسکیم کے تحت گرین لائسنس ہولڈرز اور کاشتکاروں کو 70 فیصد اسٹاک پر قرض کی سہولت میسر ہوگی، جس سے زرعی شعبے کو فوری معاشی سہارا ملے گا۔
مزید برآں، فلور ملز اور گرین لائسنس ہولڈرز کے لیے 100 ارب روپے کی کریڈٹ لائن بھی مقرر کر دی گئی ہے تاکہ گندم کی فوری خریداری یقینی بنائی جا سکے۔ اجمل بھٹی کے مطابق اس حکومتی پالیسی کے باعث اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے جو کہ کاشتکاروں کے حق میں ایک مثبت پیشرفت ہے۔
ڈیجیٹل سسٹم کے تحت نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ کسانوں کو جدید ای مارکیٹ سے منسلک کر کے گندم کے بہتر دام بھی دلائے جا سکیں گے۔ خصوصی پورٹل کے ذریعے کسان ای ڈبلیو آر سسٹم سے مفت سٹوریج کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔
نجی بینکوں کے نمائندگان نے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پالیسی کاشتکاروں کو بہتر معاوضہ دلانے، فصل محفوظ رکھنے اور زراعت کو جدید بنانے میں انتہائی معاون ثابت ہوگی۔