پاکستان کا خلائی تحقیق میں ایک انقلابی قدم، چاند کے مدار میں داخل ہونے والا سیٹلائٹ
پاکستان نے خلائی تحقیق کے میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے اپنا پہلا سیٹلائٹ ICUBE-Q کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل کر دیا ہے

لاہور(ٹیکنالوجی ڈیسک)پاکستان نے خلائی تحقیق کے میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے اپنا پہلا سیٹلائٹ ICUBE-Q کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل کر دیا ہے۔ یہ سیٹلائٹ چین کے Change 6 مشن کے ساتھ خلا میں روانہ ہوا اور اب کامیابی سے چاند کے گرد مدار میں گردش کر رہا ہے۔ اس کامیابی نے پاکستان کو ان چند ممالک کی فہرست میں شامل کر دیا ہے جو چاند کے گرد سائنسی مقاصد کے لیے سیٹلائٹ بھیج چکے ہیں۔ICUBE-Q ایک نینو سیٹلائٹ ہے جسے انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی (IST) نے سپارکو کے اشتراک سے تیار کیا۔
اس مشن کا بنیادی مقصد چاند کی سطح کی ہائی ریزولوشن تصاویر حاصل کرنا اور چاند کے مقناطیسی میدان سے متعلق سائنسی ڈیٹا اکٹھا کرنا ہے۔ سیٹلائٹ میں نصب جدید کیمروں اور سائنسی آلات کی مدد سے یہ ڈیٹا نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی خلائی تحقیقاتی اداروں کے لیے بھی مفید ہوگا۔یہ مشن پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون کا ایک روشن نمونہ ہے۔ Change 6 مشن میں پاکستان کے علاوہ یورپی خلائی ادارہ (ESA) اور اٹلی بھی شامل ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ICUBE-Q ایک بین الاقوامی سطح کا سائنسی منصوبہ ہے۔
وزیراعظم پاکستان اور صدرِ مملکت نے اس کامیابی پر IST اور سپارکو کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ سنگِ میل پاکستان کی سائنسی خودمختاری اور نوجوان انجینیئرز کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ماہرین کے مطابق، ICUBE-Q کی کامیابی آئندہ برسوں میں پاکستان کے مزید سائنسی خلائی مشنز کی راہ ہموار کرے گی، جن میں مریخ اور دیگر سیاروں کے لیے تحقیقاتی مشن شامل ہو سکتے ہیں۔