رینجرز اور سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی،انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار
کراچی میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے کورنگی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا

کراچی (کھوج نیوز )کراچی میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے کورنگی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان عسکری تربیت یافتہ ہیں، دہشتگردوں سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں رینجرز اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا، جن میں نعمت اللہ، نور محمد اور صابر اللہ شامل ہیں، تخریب کاروں سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان عسکری تربیت یافتہ، رومان رئیس اور اسلام الدین گروپ سے وابستہ ہیں، نعمت اللہ 2018 میں فتنہ الخوارج میں شامل ہوا اور افغانستان سے تربیت حاصل کی اور پہلے بھی دو بار دہشتگردی کے الزام میں گرفتار ہوچکا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ نور محمد 2022 میں فتنہ الخوارج اسلام الدین گروپ کا حصہ بنا، اس نے کراچی میں بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کی جبکہ صابر 2018 سے فتنہ الخوارج گروپ کے سوشل میڈیا کیلئے کام کررہا ہے، جسے کراچی میں کارروائی سے قبل گرفتار کیا گیا۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔