سوشل ایشوز

پنجاب میں ٹریفک چالان 10 گنا بڑھانے کی تیاریاں، بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کی شامت آ گئی

پنجاب حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے جرمانوں میں 10 گنا تک اضافے کی منظوری کا عمل تیز کر دیا ہے

لاہور(کھوج نیوز)پنجاب حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے جرمانوں میں 10 گنا تک اضافے کی منظوری کا عمل تیز کر دیا ہے۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر تیار کردہ اس انقلابی منصوبے کا مقصد سڑکوں پر بڑھتی ہوئی لاپرواہی کو کنٹرول کرنا اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

ایس ایس پی ٹریفک غضنفرعلی شاہ کے مطابق، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، الٹی سمت میں گاڑی چلانے اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ جیسے عام جرائم پر اب مجوزہ جرمانہ 2000 روپے ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ جرمانوں کا نظام 2006 سے نافذ العمل ہے اور اب اس نے مثر کردار ادا کرنا بند کر دیا ہے، اس لیے نیا نظام فوری طور پر ضروری ہو چکا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ نئے جرمانے منظوری کے بعد فوری طور پر نافذ کر دیے جائیں گے تاکہ سڑکوں پر نظم و ضبط بحال کیا جا سکے۔ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں اضافے کے بعد پنجاب بھر میں بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ صرف رواں ماہ کے دوران 1 لاکھ 78 ہزار سے زائد چالان جاری کیے گئے، جن میں سے صرف لاہور میں 70 ہزار سے زائد مقدمات سامنے آئے۔

ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فرحان بیگ نے تمام ریجنل ٹریفک یونٹس کو ہدایت دی ہے کہ بغیر لائسنس ڈرائیورز کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے لائسنس حاصل کرنا ہو گا، بصورت دیگر بھاری جرمانوں اور قانونی کارروائی کے لیے تیار رہیں۔

ایک اور بڑی پیشرفت میں ضلعی پولیس کو بھی اختیارات دے دیے گئے ہیں کہ وہ ای چالان نادہندگان کے خلاف کارروائی کرے۔ چھ ارب روپے سے زائد کے بقایا جات کی وصولی کے لیے اب نادہندگان کے گھروں پر چھاپے مارے جا سکیں گے، جبکہ گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹرانسفر اور دیگر سرکاری معاملات پر بھی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ اقدام پنجاب میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا، تاہم شہریوں کو بھی اب قانون کی پابندی کا ثبوت دینا ہو گا ورنہ بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button