بجٹ 2025-26ء’ نان فائلرز کی شامت’ بڑی پابندی لگا دی گئی
صرف ٹیکس گوشوارے والوں کو مالی لین دین کی اجازت ہو گی، نان فائلرز گاڑی یا غیرمنقولہ جائیداد نہیں خرید سکے گا اور سکیورٹیز اور میوچل فنڈز میں سرمایہ کاری بھی نہیں کر سکے گا

اسلام آباد(کھوج نیوز) وفاقی حکومت کی جانب سے قومی اسمبلی میں بجٹ 2025-26ء پیش کر دیا گیا ہے جس میں نان فائلرز کی شامت آگئی ہے ان پر بڑی پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کیا اور اپنی تقریر میں بتایاکہ نئے بجٹ میں نان فائلرز کے رقوم نکلوانے پر ٹیکس شرح مزید بڑھانے کی تجویز ہے۔ان کا کہنا تھاکہ صرف ٹیکس گوشوارے اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ جمع کرانے والوں کو مالی لین دین کی اجازت ہو گی، نان فائلرز گاڑی یا غیرمنقولہ جائیداد نہیں خرید سکے گا، نان فائلرز سکیورٹیز اور میوچل فنڈز میں سرمایہ کاری بھی نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ بینک سے نقد رقم نکلوانے پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح 0.6 فیصد سے بڑھا کر 1 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے اور نئے بجٹ میں فائلرز اور نان فائلرز کا فرق ختم کرنے کی بھی تجویز ہے۔