ہال آف فیم میں شمولیت ،پاکستانی ویمنز ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کا پہلا بیان سامنے آگیا
ثنا میر کا کہنا تھا کہ جب مجھے یہ اعزاز ملا تو میرا پہلا ردعمل الحمدللہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کرکٹ کھیلنا میرے لیے سب سے بڑا انعام رہا ہے

لاہور(سپورٹس ڈیسک)ہال آف فیم میں شمولیت ،پاکستانی ویمنز ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کا پہلا بیان سامنے آگیا،انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی جانب سے 2025 کے ہال آف فیم میں شامل ہونے کے بعد پاکستانی ویمنز ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کا پہلا بیان سامنے آگیا۔ثنا میر کا کہنا تھا کہ جب مجھے یہ اعزاز ملا تو میرا پہلا ردعمل الحمدللہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کرکٹ کھیلنا میرے لیے سب سے بڑا انعام رہا ہے۔سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے ثنا میر نے کہا کہ ایک چھوٹی سی لڑکی کے طور پر خواب دیکھا تھا کہ شاید ایک دن ہمارے ملک میں خواتین کی بھی کرکٹ ٹیم بنے گی، اور آج یہاں کھڑے ہو کر ان عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ شامل ہونا جنہیں میں نے بچپن میں ہی اپنا آئیڈیل سمجھا تھا، یہ وہ لمحہ ہے جس کا کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔
انہوں نے جیوری کے معزز ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ میں اپنے کھیل کی تاریخ میں ایسے ناموں کے ساتھ شامل ہوں اور میں اس ذمہ داری کو اسی جذبے اور عزم کے ساتھ نبھاں گی جس نے مجھے یہاں تک پہنچایا۔ ثما میر کا کہنا تھا کہ آج کی یہ رات صرف میری نہیں ہے، بلکہ ہر اس لڑکی کے لیے ہے جو بلا یا گیند اٹھاتی ہے، جہاں لوگ کہتے ہیں کہ کرکٹ ان کے لیے نہیں۔ ہر اس خاتون کے لیے جو توقعات کی دیواریں توڑ کر میدان میں، گھر میں یا جہاں بھی ہو، اپنی جگہ بناتی ہے۔ ہماری راہیں آسان نہیں ہوتیں، مگر یہ ممکن ضرور ہیں۔آخر میں پاکستانی ویمنز ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے کہا کہ میرے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز اور خاندان کا بے حد شکریہ، جنہوں نے میرے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی جدوجہد میں میرا ساتھ دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہترین لمحات ابھی باقی ہیں۔ ان شا اللہ۔
واضح رہے کہ ثنا میر اس فہرست میں شامل ہونے والی پاکستانی ویمن کرکٹر بن گئیں۔ ان کے علاوہ اب تک پاکستان کے 7 کرکٹرز کو ہال آف فیم کی زینت بنایا گیا ہے جن میں کرکٹ لیجنڈ عمران خان، وسیم اکرم، جاوید میانداد، عبدالقادر، ظہیر عباس، وقار یونس اور حنیف محمد شامل ہیں۔