ایران کی جوابی کارروائی، پورا اسرائیل لرز اٹھا
ایران کی جانب سے داغے جانے والے میزائل تل ابیب میں مختلف مقامات پر گرے جن میں ایک اسرائیلی وزارت دفاع کی عمارت بھی شامل ہے

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی حملے کے بعد ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن ملک پر سینکڑوں میزائل داغ دیئے جس کے بعد پورا اسرائیل لرز اٹھا اور بہت نقصان بھی ہوا۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کرچکی ہے، اس سلسلے میں ایران نے ہفتہ کی علی الصبح اسرائیل پر چوتھا بڑا میزائل حملہ کیا، حملے میں کئی میزائل داغے جن میں سے ایک نے تل ابیب کے وسطی علاقے میں اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، دھماکوں کی آوازیں تل ابیب اور یروشلم میں سنی گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے داغے جانے والے میزائل تل ابیب میں مختلف مقامات پر گرے جن میں ایک اسرائیلی وزارت دفاع کی عمارت بھی شامل ہے، اس کے علاوہ گش دان میں بھی دو ایرانی میزائل گرے، حملے کے نتیجے میں شدید آگ بھڑک اٹھی، ان حملوں میں کم از کم 63 افراد زخمی ہوئے اور کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں، ایران کی جانب سے فائر کیے گئے کئی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، دیگر نے ہدف کو نشانہ بنایا، میزائل حملوں کے پیش نظر اسرائیلی فوج نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دیں۔