پاکستان
پاکستان نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کردی
شفقت علی خان نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی جارحیت ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے

اسلام آباد(کھوج نیوز)پاکستان نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کردی،رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اسرائیل کی ایران کے خلاف جارحیت کی سخت مذمت کرتا ہے۔شفقت علی خان نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی جارحیت ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے، ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا حق ہے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ عالمی برادری کو جارح کو انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 21 مسلم ممالک نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کو مشترکہ اعلامیے میں مسترد کیا اور اسرائیلی اقدامات کو بین الاقوامی قوانین اور یو این چارٹر کے خلاف قرار دیا۔