پاکستان

ملک بھر میں یوم عاشورہ آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں تعزیتی جلسے، جلوس اور مجالس کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں حضرت امام حسین کی قربانیوں کا ذکر کیا جائے گا اور شہدائے کربلا کی عظمت کو اجاگر کیا جائے گا

اسلام آباد(کھوج نیوز)نواسہ رسول حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ملک بھر میں یوم عاشورہ آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔اس دن کو عظیم تاریخی اور روحانی اہمیت حاصل ہے، جس میں مسلمان حضرت امام حسین کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں تعزیتی جلسے، جلوس اور مجالس کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں حضرت امام حسین کی قربانیوں کا ذکر کیا جائے گا اور شہدائے کربلا کی عظمت کو اجاگر کیا جائے گا۔اس دن کی مناسبت سے خصوصی مجالس اور دینی محافل منعقد ہوں گی، جن میں علمائے کرام امام حسین کے پیغامِ حریت اور ان کی قربانیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے۔

یوم عاشورہ کی مناسبت سے ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تمام اہم شہروں میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کر دی ہے۔جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر خصوصی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں اور سیکیورٹی کے تمام پہلوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے غیر معمولی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر یوم عاشورہ کے دوران موبائل فون سروس کو بعض علاقوں میں جزوی طور پر معطل رکھا جائے گا۔ یہ اقدام عوامی تحفظ کے لیے کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ملک کے مختلف حصوں میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ یہ پابندی اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ جلوسوں اور دیگر مذہبی تقریبات میں کسی بھی قسم کی بد امنی یا تصادم کا سامنا نہ ہو۔یوم عاشورہ کا دن مسلمانوں کے لیے صبر، قربانی، اور اصولوں پر ڈٹے رہنے کا پیغام ہے۔ اس دن حضرت امام حسین نے اپنے اہلِ خانہ اور رفقا کے ہمراہ کربلا کے میدان میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے باطل کے خلاف حق کی آواز بلند کی تھی، اور اس عظیم قربانی کی یاد میں ہر سال یہ دن مذہبی عقیدت سے منایا جاتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button