نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف پر بڑی پابندی عائد
پنجاب حکومت نے اسپتالوں میں دوران ڈیوٹی نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی جبکہ سی ایم ہیلتھ ویجی لینس سکواڈ کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا

لاہور(کھوج نیوز) پنجاب حکومت نے پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف پر بڑی پابندی عائد کر دی ہے جس کے بعد نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف آگ بگولہ ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سی ایم ہیلتھ ویجی لینس ا سکواڈ کے قیام کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ ڈیوٹی کے دوران نرسز اورپیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے موبائل فون کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے اسپتالوں میں موبائل فون کے بجائے رابطے کے لیے پیجر سسٹم نافذ کرنیکا حکم بھی دیا۔ مریم نواز نے 2 روز کے اندر اسپتالوں میں ریڈ اور بلیو کوڈ ایمرجنسی سسٹم نافذ کرنیکا حکم دے دیا۔
انہوں نے اسپتالوں کے ایکوپمنٹ آڈٹ، ڈیتھ آڈٹ، لیب آڈٹ، نرسنگ آڈٹ اور ریکارڈ آڈٹ کی ہدایت کی اور کہا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ایم ایس کی تعیناتی کے لیے سیکرٹری ہیلتھ خود انٹرویو لیں ۔ انہوں نے ہر ٹیچنگ اور ڈسٹرکٹ اسپتال میں وینٹی لیٹر مہیا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہارٹ کنسلٹنٹ اور سرجن ہفتے میں 2 بار ڈسٹرکٹ اسپتالوں میں ڈیوٹی دیں گے، مریضوں کو علاج کے لیے دوسرے شہر جانیکا کہنا ظلم ہے، اب ایسے نہیں ہوگا ۔