غزہ اور مقبوضہ بیت المقدس کے گرجا گھروں میں امن کیلئے خصوصی دعائیہ تقریبات
تباہ حال غزہ کی واحد فعال کیتھولک عبادت گاہ 'چرچ آف دی ہولی فیملی' میں آج صبح دعائیہ تقریب کا انعقاد کیاگیا اور خطے میں امن کیلئے دعائیں مانگی گئیں

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ اور مقبوضہ بیت المقدس کے گرجا گھروں میں امن و امان کے لئے خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں ملک بھر کے لئے دعا کروائی گئی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق تباہ حال غزہ کی واحد فعال کیتھولک عبادت گاہ ‘چرچ آف دی ہولی فیملی’ میں آج صبح دعائیہ تقریب کا انعقاد کیاگیا اور خطے میں امن کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔ اس کے علاوہ مقبوضہ بیت المقدس، بیت اللحم اور دیگر علاقوں کے گرجا گھروں میں بھی غزہ کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ مسیحی مذہبی رہنماؤں نے بتایا کہ دعائیہ تقریبات میں امن، صبر اور تحفظ کے لیے ‘دعائے ربانی(The Lords Prayer) ‘ پڑھی گئی۔ ان دعائیہ تقریبات کا انعقاد ایسے وقت میں ہوا جب چند روز قبل اسرائیلی فوج نے غزہ کے واحد کیتھولک چرچ کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوئے تھے۔گزشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس کے مسیحی رہنما ‘پادری پیئر باتیستہ پیٹسہ بالا’ نے غزہ کے متاثرہ گرجا گھر کا دورہ کیا اور ‘ہولی فیملی چرچ’ میں مسیحی آبادی سے ملاقات کی۔