فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرو نہیں تو سیٹ چھوڑو، برطانوی وزیراعظم کو دھمکی
125 ارکان پارلیمنٹ نے ایک مشترکہ خط پر دستخط کیے جس میں وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر سے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے حوالے سے اقدامات کا مطالبہ کیاگیا

برطانیہ (مانیٹرنگ ڈیسک) فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کے حوالے سے برطانوی وزیراعظم سرکیئر اسٹارمر پر دبائو بڑھنے لگا ہے اور ان کو دھمکی لگائی گئی ہے کہ اگروہ یہ نہیں کر سکتے تو سیٹ چھوڑ دیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق 125 ارکان پارلیمنٹ نے ایک مشترکہ خط پر دستخط کیے جس میں وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر سے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے حوالے سے اقدامات کا مطالبہ کیاگیا۔ خط میں ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے کہا گیا کہ برطانیہ کی جانب سے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنا ایک اہم اور تاریخی فیصلہ ہوگا۔ خط میں کہا گیا کہ ہم 1980 سے دو ریاستی حل کی حمایت کرتے آئے ہیں، فلسطین کو تسلیم کرنا نہ صرف اس مقف کو حقیقت کا روپ دے گا بلکہ ان ذمے داریوں کو بھی پورا کرے گا جو برطانیہ پر ماضی کے مینڈیٹ کے تحت عائد ہوتی ہیں۔ رواں ماہ کے آغاز میں بھی 60 ارکان پارلیمنٹ نے ایک خط کے ذریعے وزیرخارجہ ڈیوڈ لیمی سے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔