گلگت میں بارش کے بعد مٹی اور کیچڑ کا سیلاب، سینکڑوں مکانات اور زرعی اراضی تباہ
دریائے سندھ میں تربیلا، کالاباغ ، چشمہ، گڈو اور سکھر بیراج پر بھی سیلابی صورتحال ، سیلابی ریلے میں اٹک کی تحصیل حضرو کی 2 منزلہ پولیس چوکی دریا میں بہہ گئی

گلگت (کھوج نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں سیلابی صورتحال سے نظام زندگی درہم برہم ہے وہاں گلگت میں بارش کے بعد مٹی اور کیچڑ کے سیلاب سے سینکڑوں مکانات اور زرعی اراضی تباہ ہو گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق گلگت کے علاقے جوتل میں بارش کے بعد مٹی اور کیچڑ کا سیلاب آگیا جس کے نتیجے میں مکانات مکمل تباہ ہوگئے، سینکڑوں کنال زرعی اراضی کو نقصان پہنچا، باغات سمیت فصلیں بھی سیلاب کی نذر ہو گئیں۔ دریائے سندھ میں تربیلا، کالاباغ ، چشمہ، گڈو اور سکھر بیراج پر بھی سیلابی صورت حال ہے، دریائے سندھ سے گزرنے والے سیلابی ریلے میں اٹک کی تحصیل حضرو کی 2 منزلہ پولیس چوکی دریا میں بہہ گئی۔ پنجاب کے شہر تونسہ کے مقام پر سیلاب سے 20 سے زائد دیہات زیرآب آگئے، سیلاب سے فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا ایک اور اسپیل 28 جولائی سے شروع ہو گا، 28 سے 31 جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے ترجمان کے مطابق مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاالدین، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالا اور حافظ آباد میں بارش کا امکان ہے۔