بھارت کو سندھ طاس معاہدہ ماننے پر مجبور کردیں گے، نہیں مانا تو 6 کے 6 دریا چھین لیں گے: بلاول

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کو سندھ طاس معاہدہ ماننے پر مجبور کردیں گے، بھارت نہیں مانا تو چھ کے چھ دریا چھین لیں گے۔
نیو حب کینال کے افتتاح کی تقریب سے خطاب میں بلاول کا کہنا تھاکہ کے ایم سی کے ساتھ پانی کے منصوبہ کا افتتاح کررہے ہیں، کراچی کو 100 ایم جی ڈی زیادہ پانی دینے کے قابل ہوگئے ہیں، وزیر اعلیٰ، میئر کی محنت سے کراچی کو زیادہ پانی دے سکیں گے اور جلد ہی لیاری کو زیادہ پانی دینے کےقابل ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور بلدیاتی نظام مل کرکام کررہا ہے۔
وفاقی حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ کراچی کیلئے شہباز اسپیڈ کے بجائے شہباز سلو ملا ہے، ایسا نہیں ہوسکتا پنجاب کیلئے شہبازاسپیڈ اورکراچی کیلئے شہباز سلو ملے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ کراچی اور حیدرآباد میں تاریخی ترقیاتی کام ہورہے ہیں جو ترقی کراچی اور حیدرآباد میں ہورہی ہے وہ سب کے سامنے ہے۔
سندھ طاس معاہدے سے متعلق پی پی چیئرمین کا کہناتھاکہ بھارت کو سفارتی سطح پر عبرتناک شکست ہوئی، بھارت شکست کھانے کے بعد بزدلانہ حرکت پر اترآیا ہے، بھارت نے نیتن یاہو کو نقل کرتے ہوئے پاکستانی عوام کےخلاف سازش کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو توڑنا چاہتا ہے، مودی کو پیغام ہے کراچی والے سندھو کا دفاع کرنا جانتے ہیں، بھارت کو مجبور کریں گے انھیں سندھ طاس معاہدہ ماننا پڑے گا، سندھ طاس معاہدہ بھارت نے نہ ماناتوکراچی والے چھ کے چھ دریاچھین لیں گے۔