پاکستان

وزیراعظم نے حالیہ بارشوں و سیلابی صورتحال پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں حالیہ بارشوں و سیلابی صورتحال پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں حالیہ بارشوں اور  سیلابی صورت حال پر بریفنگ دی جائے گی۔ 

دوسری جانب وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں سیلاب کی صورتحال پر ( نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی) این ڈی ایم اے کے  چیئرمین  سے رابطہ کیا۔

وزیراعظم  نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو خیبرپختونخوا میں بھرپور  امدادی کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کردی،  وزیراعظم شہباز شریف نےکہاکہ خیبرپختونخوا میں امدادی سرگرمیوں کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کو  خیبرپختونخوا حکومت سے رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

یاد رہے کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں اب تک 200 سے زائد  افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

صرف بونیر میں 150 سے زیادہ افراد جاں بحق جبکہ کئی لاپتا ہو گئے،کلاوڈ برسٹ کے بعد سیلاب کئی گاؤں بہا لے گیا، مکینوں کے آشیانے گرگئے، سیلابی ریلوں میں جانور اور گاڑیاں بھی بہہ گئیں جبکہ بونیر میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی۔

باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 21 افراد جاں بحق ہوگئے۔

 مانسہرہ کے گاؤں ڈھیری حلیم میں رات گئےکلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلابی ریلے میں بہنے والے 16 افراد کی لاشیں بٹگرام سے نکال لی گئیں، بونیر، باجوڑ، مانسہرہ اور بٹگرام کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا۔

باجوڑ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے جانے والا خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں 2 پائلٹس سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوگئے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button