پختونخوا کو ترجیحی بنیادوں پر امدادی سامان ٹرکوں کے ذریعے بھیجا جائے، وزیراعظم کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ بارشوں اور سیلابی صورت حال کے پیش نظر خیبر پختونخوا کو ترجیحی بنیادوں پر امدادی سامان ٹرکوں کے ذریعے بھیجنے کی ہدایت کردی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی صورتحال کے جائزے کے لیے ہنگامی اجلاس ہوا۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) کے چیئرمین نے وزیراعظم کو نقصانات ، ریسکیو اور ریلیف آپریشن پر بریفنگ دی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے ملک کے بالائی حصوں میں کلاؤڈ برسٹ اور فلیش فلڈنگ سے ہونے والے نقصانات سے وزیراعظم کا آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے این ڈی ایم اے کو خیبرپختونخوا حکومت اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی ہدایت کردی، وزیراعظم شہباز شریف نےکہاکہ خیبرپختونخوا میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں تعاون فراہم کرنے اور تمام وسائل بروئےکار لائے جائیں۔
وزیر اعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو خیبر پختونخوا حکومت سے امدادی سرگرمیوں کےلیے رابطے مربوط کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا تھاکہ خیبر پختونخوا حکومت کو خیمے، ادویات، اشیائے خورونوش اور دیگر امدادی سامان ترجیحی بنیادوں پر ٹرکوں کے ذریعے فوری بھیجا جائے۔
وزیر اعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں و سیاحوں کو فوری محفوظ مقامات پر پہنچایا جائے۔
یاد رہےکہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں اب تک 200 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
صرف بونیر میں 150 سے زیادہ افراد جاں بحق جبکہ کئی لاپتا ہو گئے،کلاوڈ برسٹ کے بعد سیلاب کئی گاؤں بہا لے گیا، مکینوں کے آشیانے گرگئے، سیلابی ریلوں میں جانور اور گاڑیاں بھی بہہ گئیں جبکہ بونیر میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی۔
باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 21 افراد جاں بحق ہوگئے۔
مانسہرہ کے گاؤں ڈھیری حلیم میں رات گئےکلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلابی ریلے میں بہنے والے 16 افراد کی لاشیں بٹگرام سے نکال لی گئیں، بونیر، باجوڑ، مانسہرہ اور بٹگرام کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا۔
باجوڑ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے جانے والا خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں 2 پائلٹس سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوگئے ہیں۔