مریم نواز کا کشتی میں سوار ہوکر دریائے راوی میں سیلابی صورتحال کا جائزہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کشتی میں سوار ہو کر دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔
بھارت کی جانب سے سیلابی پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر سیلابی صورت حال ہے اور حکام کے مطابق آج دوپہر تک دریائے راوی سے 2 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرنے کا امکان ہے۔
مریم نواز کشتی میں سوار ہو کر دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے پہنچیں، مریم نواز نے کشتی میں سوار ہو کر سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا جبکہ حکام کی جانب سے انہیں دریائے راوی میں سیلاب کی تازہ ترین صورتحال پر بریف کیا گیا۔
قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں کا فضائی جائزہ لیا تھا۔ اس موقع پر وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو سیلابی صورتحال اور ریسکیو آپریشن سے متعلق بریف کیا گیا۔
دوسری جانب پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 12 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، تمام ریکسیو ادارے فعال ہیں اور حکومت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی، بطور قوم سب مل کر اس قدرتی آفت کو شکست دیں گے۔