بے خوابی یا نیند کی کمی کونسی بیماری کا سبب بن سکتا ہے؟ امریکن تحقیقاتی رپورٹ

امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) بے خوابی یا نیند کی کمی کونسی بیماری کا سبب بن سکتا ہے؟ اس حوالے سے امریکا کے مایو کلینک میں ہونے والی طبی تحقیق میں چونکا دینے والا انکشاف سامنے آگیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق امریکا کے مایو کلینک کی تحقیق میں بتایا گیا کہ دماغی صحت کے جینیاتی اور دیگر ایسے عناصر جن پر قابو پانا ہمارے بس میں نہیں، ان کے برعکس بے خوابی ایسا عارضہ ہے جس پر آپ قابو پاسکتے ہیں۔ اس تحقیق میں 2750 افراد کو شامل کیا گیا اور 5 سال تک ہر سال ان کے دماغی تجزیہ کیا گیا جبکہ ان کی نیند کی عادات کی تفصیلات بھی حاصل کی گئیں۔
تحقیق میں دریافت ہوا کہ بے خوابی یا نیند کی کمی سے دماغی تنزلی کا باعث بننے والے مرض ڈیمینشیا کا خطرہ 40 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ البتہ بے خوابی کے شکار افراد اگر نیند کے دورانیے کو بڑھا دیتے ہیں یا ادویات کا استعمال کرتے ہیں، تو ان میں دماغی تنزلی کا امکان گھٹ جاتا ہے۔ بے خوابی نیند کا سب سے عام عارضہ ہے جس سے دن بھر کے افعال اور مجموعی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اچھی نیند بہترین دماغی صحت کے لیے اہم ہوتی ہے جبکہ دائمی بے خوابی کو متعدد دماغی امراض سے منسلک کیا جاتا ہے۔