190ملین پائونڈ کیس کی سماعت ملتوی کیوں ہوئی؟

اسلام آباد(کھوج نیوز) 190ملین پائونڈ کیس کی سماعت ملتوی کیوں ہوئی؟ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطل ہو گئی یا نہیں؟ اس حوالے سے بڑی خبر سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی درخواستوں پر سماعت کی۔ بیرسٹر سلمان صفدر، بیرسٹر علی ظفر اور سلمان اکرم راجہ نے غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کے باعث کمرہ عدالت تک پہنچنے میں مشکلات کا ذکر کیا تو چیف جسٹس نے کہا کہ اس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔
سلمان صفدر نے کہا کہ ان کے پاس ایسے کیسز اور عدالتی نظیریں موجود ہیں جن میں خاتون کی سزا معطلی جلد لگ جاتی ہے۔ ہمارا تو کیس ہی مشکل سے فکس ہوتا ہے ۔ نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے کہا کہ نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر ارشد جاوید بھٹی بیمار ہیں اس لیے پیش نہیں ہوئے۔ جس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا نیب ہمیشہ تاخیری حربوں سے کام لیتا ہے۔ تاریخ لینے والا یہ مشکل کام ان کو سونپا جاتا ہے۔ انہیں معلوم تھا کہ صبح کارروائی نہیں ہونی تو کم از کم مجھے بھی آگاہ کر دیتے۔ یہ ساری رات انجوائے کرتے رہے اور میں کیس کی تیاری کے لیے والیمز پڑھتا رہا۔