اکشے کمار کی 13سالہ بیٹی کیساتھ افسوسناک واقعے کا انکشاف

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے مشہور و معروف اداکار اکشے کمار کی 13سالہ بیٹی کے ساتھ افسوسناک واقعے کا انکشاف ہوا ہے؟ جس کے بعد اکشے کمار نے حکومت سے بڑی اپیل کر دی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے مشہور و معروف اداکار اکشے کمار نے بھارت میں بڑھتے ہوئے سائبر کرائم کے خطرے پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنی 13 سالہ بیٹی کے ساتھ پیش آئے ایک افسوسناک واقعے کا انکشاف کیا ہے۔اکشے کمار کا کہنا تھا کہ میں آپ سب کو ایک چھوٹا سا واقعہ سنانا چاہتا ہوں جو چند ماہ پہلے میرے گھر میں پیش آیا۔ میری بیٹی ایک ویڈیو گیم کھیل رہی تھی، اور کچھ ویڈیو گیمز ایسے ہوتے ہیں جو آپ کسی اور کے ساتھ کھیل سکتے ہیں۔ یعنی آپ کسی انجانے شخص کے ساتھ کھیل رہے ہوتے ہیں۔
اکشے کمار نے کہا کہ یہ بھی سائبر کرائم کا حصہ ہے۔ میں مہاراشٹرا کے وزیراعلی سے گزارش کروں گا کہ ساتویں سے دسویں جماعت تک اسکولوں میں ہر ہفتے ایک ‘سائبر پیریڈ’ رکھا جائے، تاکہ بچوں کو اس بارے میں آگاہی دی جا سکے۔ آپ سب جانتے ہیں کہ یہ جرم اب گلی کے جرائم سے بھی بڑا بنتا جا رہا ہے۔ اکشے کمار نے زور دیا کہ حکومت کو سائبر ایجوکیشن کو لازمی نصاب کا حصہ بنانا چاہیے تاکہ بچے بدلتی ہوئی ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ رہ سکیں۔
اداکار نے بتایا کہ گیم کے دوران کبھی کبھار وہاں سے پیغام بھی آتا ہے۔ میری بیٹی بھی گیم کھیل رہی تھی کہ اسے ایک شخص کی جانب سے پیغام موصول ہوا کہ آپ لڑکے ہیں یا لڑکی؟ تو اس نے جواب دیا لڑکی۔ اس کے بعد اس شخص نے میسج بھیجا کہ کیا آپ اپنی برہنہ تصاویر بھیج سکتی ہیں؟ میری بیٹی نے فورا گیم بند کر دیا اور جا کر اپنی ماں کو بتایا۔ یہ سب کچھ ایسے ہی شروع ہوتا ہے۔