ٹی ایل پی کا احتجاج، بلیک میل نہیں ہونگے، طلال چوہدری کی دھمکی

اسلام آباد(کھوج نیوز) ٹی ایل پی احتجاج کے سلسلے میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے دھمکی لگاتے ہوئے کہا کہ ریاست کسی جتھے کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ آج اسلام آباد میں سرکاری اور نجی ادارے کام کررہے ہیں، کچھ لوگ ہم نے گرفتار کرلیے ہیں، راستے کھول دیئے گئے ہیں، اگر کہیں رکاوٹ رکھی گئی ہے تو وہ شہریوں کو ان شرپسندوں سے بچانے کیلئے ہے، قانون کی عملداری ہوگی ، احتجاج کرنا ہے قانون کے اندر رہ کر کریں جو بھی نقصانات ہوں مظاہرین کو لیڈ کرنے والے ذمہ دار ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ یہ اپنے مرکزی دفتر سمن آباد سے راوی روڈ کی طرف جارہے ہیں، یہ اس لیے نکل آئے ہیں کہ ان پر طاقت کا استعمال نہیں کیا گیا، ہمارا صوبائی حکومتوں سے رابطہ ہے ، کوشش کی جارہی ہے کہ طاقت کے استعمال کے بغیر ان لوگوں کو روکا جائے، حکومت اس طرح کی جتھے بازیاں اورمظاہرے کو آگے بڑھنے نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج سب کا حق ہے لیکن کسی کو انتشار کی اجازت نہیں، ماضی گواہ ہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے جتھے کی صورت میں قومی املاک پر حملے کیے، جتھوں کی سیاست اور مطالبات منوانے کی گنجائش اب نہیں ہے۔