سٹاک ایکسچینج میں مسلسل دوسرے روز حیران کن اضافہ

کراچی (کھوج نیوز) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آج 100 انڈیکس 210 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 65ہزار 686پر بند ہوا’ یہ مسلسل دوسرا روز ہے کہ سٹاک ایکسچینج میں اضافہ ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست کاروبار ہوا اور 100 انڈیکس 7 ہزار پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 65 ہزار 476 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔ 100 انڈیکس میں گزشتہ روز ہونے والا اضافہ بھارت کو معرکہ حق میں شکست دینے کے بعد 12 مئی کے کاروباری دن میں10 ہزار پوائنٹس کے اضافے کے بعد دوسرے بڑا اضافہ تھا۔
آج بدھ کو کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں تیزی دیکھنے کو ملی۔ کاروبار کے آغاز میں انڈیکس 1280 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس ایک لاکھ 66 ہزار 756 کی سطح پر جا پہنچا۔ کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 210 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 65 ہزار 686 پر بند ہوا۔ بازار میں 1.52 ارب شیئرز کے سودے 68 ارب روپے میں طے ہوئے۔